سرکاری ملازمین حاکم نہیں خادم ہیں

سرکاری ملازمین عوام کے حاکم نہیں خادم ہیں، اعظم خان

ویب ڈیسک: نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے جمعہ کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 33ویں سینئر مینجمنٹ کورس کی پاس آئوٹ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور کورس مکمل کرنے والے مختلف سروس گروپس کے افسروں میں اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہتر طرز حکمرانی کیلئے سول سرونٹس کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے۔
سول سرونٹس کو جدید طرز پر تربیت کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سول سرونٹس کو تسلسل کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی وقت کی اشد ضرورت ہے۔ عوامی خدمات کی فراہمی کے اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد اعظم خان نے کہا کہ اس سلسلے میں تین بنیادی اصولوں میں سے سب سے پہلا اصول مائنڈ سیٹ کا ہے، سرکاری ملازمین عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہیں کیونکہ انہیں عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ ملتی ہے۔ دوسرا اہم اصول ہے کہ سول سرونٹس کو ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالا ترہونا چاہئے، پالیسی سازی حکومت وقت کا کام ہے اور سرکاری ملازم کا کام اس پالیسی پر عمل درآمد کرنا ہے، انہیں چاہئے کہ وہ پالیسی سازی میں حکومت وقت کو دیانتدار اور حقیقت پسندانہ تجاویز دیں۔ اُنہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ عوام کے اعتماد اور فلاح و بہبود کے امین کی حیثیت سے اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کریں۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں ڈینگی کے وار تیز، 26کنفرم کیسز رپورٹ