چوری وارداتوں میں اضافہ

پشاور، چوری وارداتوں میں اضافہ، موٹر کار و موٹر سائیکلیں چوری

ویب ڈیسک: پشاور میں غربت، مہنگائی اور دیگر وجوہات کی بناء پر چوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے اور مختلف علاقوں میں چوری کی 4 وارداتوں کے دوران موٹر کار، نقدی اور موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئی ہیں۔ واقعات کے مطابق اسی طرح ظفر ندیم سکنہ آبشار کالونی نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ بہنوئی کی فوتگی کے سلسلے میں پیر پیائی گیا ہوا تھا انہیں اپنے پڑوسیوں نے اطلاع دی کہ ان کے گھر کا گیٹ کھلا ہوا ہے، اس دوران اسے کال کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ ہم نے آپ کی گاڑی خریدی ہے، اس کا بائیو میٹرک کب دینگے، وہ گھر آیا تو معلوم ہوا کہ نامعلوم چور اس کے گھر کے تالے توڑ کر مذکورہ موٹر کار اور نقدی چوری کر کے لے گئے ہیں۔ ادھر تھانہ شاہ قبول کی حدود رامداس بازار میں چوروں نے چچا زاد کے گھر آنے والے فضل سبحان کو موٹر سائیکل سے محروم کر دیا اور رفو چکر ہوگئے۔ تھانہ بڈھ بیر کے علاقے زنگلی میں بھی چوروں نے پراپرٹی ڈیلر عجب خان ولد پیر گل کی موٹر سائیکل چوری کر لی ہے۔ پولیس نے چوری کی رپورٹیں درج کر لی ہیں۔

مزید پڑھیں:  لاہور میں تحریک انصاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، تیاریاں مکمل