پشاور شدید گرمی

پشاور سمیت گرم مرطوب اضلاع میں شدید گرمی

ویب ڈیسک: صوبے کے میدانی علاقوں بشمول پشاور کو ایک مرتبہ پھر سے گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے موسم برسات ختم ہونے کے بعد گرمی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کی تھی لیکن بھادوں کی شدید دھوپ اور حبس نے لوگوں کو سابقہ گرمی بھلا دی ہے۔ پیر کے روز سب سے زیادہ گرمی بنوں میں 43 سینٹی گریڈ رہی اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد تھا۔ ڈی آئی خان میں 42 سینٹی گریڈ گرمی تھی تاہم دونوں اضلاع میں اس کی شدت 50 سینٹی گریڈ سے زائد محسوس کی گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو برا حال رہا۔ پشاور میں 38 سینٹی گریڈ گرمی اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تھا، اس گرمی کی شدت 48 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔
آج منگل کے روز بھی پشاور میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور میں گذشتہ کئی روز سے شدید گرمی ہے لیکن گذشتہ روز کی گرمی اور حبس نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے جس کے باعث کاروباری مراکز بھی سنسان پڑ گئے ہیں اور دوپہر کے بعد شہر کے بازاروں میں خریدار نہ ہونے کے برابر تھے۔ گرمی کی شدت میں مسلسل ا ضافہ کے باعث لوگوں کیلئے گھروں سے نکلنا بھی محال ہوگیا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک بارش کا امکان نہیں اور درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور کو 5اکتوبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم