بجلی بلوں

بجلی بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ نہ ہوسکا

ویب ڈیسک: بجلی کے بھاری بھرکم بلوں پر پاکستان بھر سمیت پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام اتوار کو مسلسل تیسرے روز سراپا احتجاج بنے رہے۔ عوام کی جانب سے نا صرف بجلی کے بلوں کو نذر آتش کیا گیا بلکہ حکومت سے ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ بھاری بھرکم بجلی بلوں کے خلاف آج چھٹی کے روز بھی عوام سڑکوں پر نکلے اور نگران حکومت سے بجلی سستی کرنے کے ساتھ ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ شہریوں کے علاوہ تاجر برادری بھی احتجاج کر رہی ہے۔
پشاور میں توقعات سے بڑھ کر بجلی کے بل آنے پر عوام بھی بلبلا اٹھے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی ستائی عوام پر بجلی بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کا بم گرا کر عوام کو خود سوزی پر مجبور کیا گیا ہے، حکومت عوام کے صبر کا امتحان نہ لے اور فوری بجلی بلوں میں اضافہ واپس لیکر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بیشتر علاقے بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ کی زد میں آگئے، شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور ٹریپنگ نے عوام کی چیخیں نکال کے رکھ دیں۔
ادھر جے یوآئی ضلع پشاور کے زیر اہتمام بجلی بلوں میں ناروا ٹیکسز اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف نمک منڈی میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت جے یوآئی ضلع پشاور کے امیر مولانا احمد علی درویش، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مسعود گل اور دیگر عہدیداروں نے کی۔ نوشہرہ میں بھی بجلی بلوں کی ناجائز اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف انجمن تاجران رسالپور کے صدر حیات خان، سینئر نائب صدر ذاکر محمد، ممبرز کنٹونمنٹ بورڈ رسالپور چیئرمین اورنگزیب، طارق اقبال خان، اور پاکستان تحریک کے رہنما اور سابقہ چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈ رسالپور ساجد فہیم مشوانی سماجی کارکن کاشف مشوانی رسالپور کے تمام دکانداروں نے اپنے دکانیں احتجاجاً بند کرنے اور دیگر معززین کی نگرانی میں ایک پرامن جلوس نکال کر رسالپور صدر بازار سے گزر ہوتا ہوا مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ پر جمع ہوگئے اور مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔
سوات میں تیسرے روز بھی بجلی بلوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ خوازہ خیلہ میں سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین نے بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافے کو ظالمانہ اور عوام دشمن اقدام قرار دیا اور کہا کہ آئی ایم ایف سے قسط وصول کر کے حکمران کھاتے ہیں۔ پھر ان قسطوں کو عوام سے بھروایا جاتا ہے ۔ تیمرگرہ میں عوام نے شہید چوک میں احتجاج کے دوران بلز پھاڑ دیئے اور کنڈے ڈال کر ڈائریکٹ بجلی استعمال کرنے کا اعلان کر دیا۔
مظاہرہ سے جماعت اسلامی کے امیدوار صوبائی اسمبلی حاجی شاد نواز خان، جماعت اسلامی لوئر دیر کے سیکرٹری اطلاعات شعیب احمد، پی ٹی آئی کے کلیم اللہ سرحدی، عمران ٹا کور، عثمان خان ودیگر نے خطاب کیا۔ دریں اثناء سینکڑوں افراد رباط بازار چوک میں نکل آئے اور دیر تیمرگرہ مین شاہراہ بند کر دی، مظاہرین سے سابق ڈسٹرکٹ کونسل ممبر سیدعالم شاہ عرف تھانے خان، ناظم بادشاہ ملک اور رباط بازار کے صدر حاجی سید غنی و دیگر نے کیا۔

مزید پڑھیں:  پارلیمان کا قانون سازی اختیار آئینی حدود کے تابع ہے، سپریم کورٹ