ہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں 0.96 فیصد اور سالانہ 26.32 فیصد اضافہ ریکارڈ

ویب ڈیسک: ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے، حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وارمہنگائی کی شرح میں 0.96 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 26.32فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 26.32فیصد ہوگئی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 17فیصد، دال مسور 10.8، چینی6.7، لہسن 4.6، گڑ 3.6اور دال مونگ3.5فیصد مہنگی ہوئی ۔ اس کے علاوہ ایک ہفتے میں پیاز 3.4 فیصد، دال چنا 3.2، ڈیزل 6.2، ایل پی جی 5.1اورپیٹرول 5.1 فیصد مہنگا ہوا ہے، جبکہ چکن 3.2 فیصد، 5 لیٹر کوکنگ آئل ایک فیصد سستا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں 32 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور 5 کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں26.41فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 23.86فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 28.14فیصد بڑھی ہے۔ 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 29.41فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 27.30فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں 90 فیصد ہاﺅسنگ سوسائٹیزغیر قانونی ہیں، محکمہ بلدیات