روٹی 5 روپے مہنگی

نانبائی روٹی مزید 5 روپے مہنگی کرنے کے لئے سرگرم

ویب ڈیسک: پشاور میں نانبائیوں نے روٹی کی قیمت میں مزید 5 روپے کا اضافہ کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ پہلے مرحلے میں نانبائیوں کی جانب سے 120 گرام کے بجائے روٹی کا وزن 100 اور 80 گرام کر دیا گیا ہے۔ یہ روٹی 20 روپے پر فروخت کی جا رہی ہے اور نئی قیمت 25 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو پیش کئے گئے
مطالبات کے مطابق نانبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آٹا، بجلی اور کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کی جائے۔ یہ مطالبہ قصہ خوانی، ہسپتال روڈ، کراچی مارکیٹ، شعبہ بازار، نمک منڈی، چوک یادگار، شیخ آباد، گلبہار، حاجی کیمپ اڈہ، ہشتنگری، فردوس، فقیر آباد، افغان کا لونی، نوتھیہ، رامداس، سرکلر روڈ، ڈبگری، لاہوری گیٹ، گاڑی خانہ، کریم پورہ، جھنڈا بازار، شاہین بازار، کوہاٹی اور صدر کے مختلف بازاروں کے تندور مالکان کی جانب سے کیا گیا ہے۔
تاہم موجودہ صورتحال میں ضلعی انتظامیہ نے روٹی کی قیمت میں اضافہ سے متعلق مطالبہ کو زیر غور نہ لاتے ہوئے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے آئندہ چند روز میں دوبارہ سے تندور مالکان کی جانب سے ہڑتال کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور میں تحریک انصاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، تیاریاں مکمل