ڈالر مافیا کے گھروں پرچھاپوں کا پلان ،انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت مزید گھٹ کر295روپے ہو گئی

ویب ڈیسک:ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈان کے دوسرے مرحلے میں ذخائر کی برآمدگی کیلئے متعلقہ اداروں کی گھروں پر چھاپے مارنے کی حکمت عملی اختیار کرنے اطلاعات کے باعث منگل کو بھی ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 295روپے جبکہ اوپن ریٹ 297 روپے سے بھی نیچے آگئے ہیں۔ انٹر بینک مارکیٹ میں وقفے وقفے سے درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ کے سبب ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ بھی دیکھا گیا جس سے ایک موقع پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 1روپے 65پیسے کی کمی سے 294 روپے 30 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا انٹربینک ریٹ 1 روپے 05 پیسے کی کمی سے 294 روپے 90 پیسے پر بند ہوا۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر 1 روپے کی کمی سے 296 روپے پر بند ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکس چینج کمپنیوں سے موصول ہونے والے ڈیٹا سے ایسے گھروں کی نشاندہی ہوگئی ہے جہاں مافیا نے ڈالر کے ذخائر چھپائے رکھے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اداروں کے پاس ڈالر کی غیر معمولی خریداروں کی فہرست بھی موجود ہے جس کی بنیاد پر متعلقہ ادارے گھروں پر ٹارگٹڈ چھاپہ مار کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ گھروں میں ڈالر کے ذخائر چھپانے والوں کو سزائیں دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  روس سے تعلقات کیلئَے پاکستان کو مغربی دباو مسترد کرنا ہوگا، اوورچک