یونان میں مہینوں کی بارش ایک دن سے بھی کم وقت میں برس گئی

ویب ڈیسک:یونان میں طوفان الیاس کے باعث مہینوں کی بارش ایک دن سے بھی کم وقت میں برس گئی جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔ چند ہفتوں قبل 17لوگوں کی جانیں نگلنے والے طوفان ڈینیل کے بعد یونان کو ایک اور طوفان نے آگھیرا جس سے شدید بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔ یونان کے شمالی علاقوں میں بدھ کے روز طوفان الیاس کی وجہ سے شدید بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ بتایا جا تا ہے یونان کے کئی دیہات زیر آب آگئے
سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث بیشتر اضلاع کے سکولوں کو بند کرنا پڑ گیا۔ یونان فائر سروس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث منگل سے ہی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے اور 3 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بدھ کی شام سے ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہ سکتا ہے جس میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کے علاوہ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن اور یورپین سیویر ویدر ڈیٹابیسڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یونان کے شہر وولوس میں 14 گھنٹوں میں 298 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو شہر کی ستمبر کی اوسط سے 8 گنا زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ شہر لیمنی میں7 گھنٹوں میں 216 ملی میٹر اور شہر اسٹیایا میں ساڑھے تین گھنٹوں میں 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب یونان کی وزارت زراعت کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 80 ہزار کے قریب مویشی اور پولٹری بارشوں کی وجہ سے مرگئے جبکہ کپاس، گندم، مکئی، سیب اور کیوی کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

مزید پڑھیں:  لاہور، کارنر میٹنگ پر پی ٹی آئی کارکنان گرفتار