افغانستان نے بھارت میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک:افغانستان نے بھارت کے عدم تعاون کے باعث نئی دہلی میں واقع افغان سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ افغان سفارتخانہ کی جانب سے بھارتی وزارت داخلہ کو خط لکھتے ہوئے نئی دہلی میں سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر افغان ایمبیسی انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں یکم اکتوبر سے نئی دہلی میں سفارتخانے کی تمام سرگرمیاں بند کرنے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار بھی کیا گیا۔
خط میں سفارتخانہ کی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ عملے کی قلت، وسائل کی کمی اور بھارتی حکومت کے عدم تعاون کو قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ بھارتی حکومت کے عدم تعاون کے باعث سفارتی مشن موثر طریقے سے چلانے میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ عملے اور وسائل کی قلت کی وجہ سے سفارتی آپریشن جاری رکھنا چیلنج بن گیا تھا۔ افغان سفارتخانہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت افغانستان کے مفادات کے لیے خدمات کی توقعات پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔
خط میں سفارتخانہ کو بند کرنے کی ایک وجہ کابل میں ایک آئینی طور پر کام کرنے والی حکومت کی عدم موجودگی کے پیش نظر افغانستان کے مفادات کو نظر انداز کرنا ، سفارت کاروں کیلئے ویزہ تجدید بروقت نہ ہونا بھی معطلی جیسی وجوہات میں شامل ہیں۔ سفارت خانے کے خط کے مطابق سفارت خانے کے عملے کے آپس کے جھگڑے کا بے بنیاد دعویٰ مسترد کرتے ہیں، کوئی بھی سفارت کار موجودہ بحران کو کسی تیسرے ملک میں پناہ حاصل کرنے کیلئے استعمال نہیں کر رہا ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانہ پر کنٹرول کے لیے طالبان کے نامزد کردہ اور سابق افغان صدر اشرف غنی حکومت کے مقرر کردہ سفیر کے مابین رسہ کشی چل رہی تھی۔ اس سے قبل رائٹرز کی رپورٹ میں سفارتخانے کے 3 اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ سفیر اور دیگر سینئر سفارت کاروں نے حالیہ مہینوں میں بھارت چھوڑ کر یورپ اور امریکا میں سیاسی پناہ حاصل کر لی، بیان میں بتایا گیا کہ بھارت نگران کے طور پر سفارتخانہ کا کنٹرول سنبھال لے گا۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا:بھتہ خوری میں ملوث دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ورک گرفتار