پرچون فروشوں پر5 ہزارماہانہ ٹیکس لگانے کی تیاریاں شروع

ویب ڈیسک:وفاقی حکومت کی جانب سے پرچون فروش تاجروں پر ماہانہ ایک ہزار سے پانچ ہزار روپے تک مقررہ ٹیکس عائد کرنے کیلئے پشاور اور صوبے کے دوسرے اضلاع کے بازاروں میں تاجروں کا سروے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ قبل ازیں یہ مقررہ ٹیکس بجلی کے ماہانہ بلوں میں وصول کرنے کی منصوبہ بندی تھی تاہم بجلی بلوں کے ذریعے پرچون فروشوں سے ٹیکس جمع کرنے کی تجویز کو موخر کر دیا گیا ہے اور شہری اور دیہی علاقوں کے دکانداروں کے لئے نئی فکسڈ سکیم متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے یہ ٹیکس دکان کے حجم کے مطابق وصول کیا جائے گا۔
پشاور سٹی ، کینٹ ، ٹائون اور حیات آباد سمیت اندرون شہر اور بیرون شہر میں قائم ایک سو مربع فٹ کی دکان پر ایک ہزار روپے ماہانہ جبکہ دو سو سے تین سو مربع فٹ دکان پر تین ہزار روپے ماہانہ اور پانچ سو مربع فٹ دکان پر پانچ ہزار روپے ماہانہ ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ نواحی اور دیہی علاقوں میں ہر دکان پر ماہانہ ایک ہزار روپے فکسڈ ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی ٹیموں نے گزشتہ روز اس مسئلے پر مشاورت کیلئے پشاور کینٹ کے مختلف بازاروں کے دورے کئے ہیں اور تاجروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں ۔ تاجروں پر فکسڈ ٹیکس کی حتمی منظوری وفاقی حکومت کی جانب سے دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں ڈینگی کے وار تیز، 26کنفرم کیسز رپورٹ