پابندی کے باوجود غیر قانونی سموں کی فروخت جاری

ویب ڈیسک: پشاورمیں بلا اجازت کھلے عام سڑکوں پر موبائل سم کے کاروبار پر دو ماہ کی پابندی کے باوجود موبائل سم کی خرید وفروخت جاری ہے اور بعض علاقوں میں سڑکوں پر ہی سٹالز لگائے گئے ہیں جن میں بعض سٹالز پر سم خریدنے والے صارفین کو غذائی سامان بھی دیاجارہا ہے جن کیخلاف کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے غیرقانونی سم پر پابندی کے بعد اس کاروبار سے وابستہ افراد نے سم فروخت کرنے کیلئے سٹالز کیساتھ ساتھ پی سی اوز میں بھی ڈیرے ڈال دئیے ہیں جہاں پر سم فروخت کرنیوالے افراد لوگوں کوبغیر کسی شناختی دستاویز کے سم دے رہے ہیں
اس کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں گاڑیوںپرسپیکرزلگاکر سم فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور سم خریدنے کیساتھ ایک سے دو کلو چینی بھی مفت بانٹ رہے ہیں۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ سم کی غیر قانونی خرید وفروخت کو روکنے کیلئے پولیس کو کارروائی کرنے کا اختیار منتقل کردیا گیا ہے اور آج پیر کے روزسے اس ضمن میں شہر میں چھان بین کا آغاز کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی فوج کا الجزیرہ ٹی وی کے دفتر پر دھاوا،بندکرنے کا حکم