بی آر ٹی آپریشنز کیلئے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص

ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا حکومت نے نومبر 2023 تا فروری 2024 کیلئے پشاور بی آر ٹی سروس کے آپریشنز کو روانی کے ساتھ چلانے کیلئے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے۔ موجودہ آپریشنز کیلئے فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں جو بی آر ٹی کے سروس پرووائڈرز کی بقایا ادائیگیوں کے لئے استعمال ہوں گے۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے سروس بند یا محدود ہونے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ ٹرانس پشاور، پشاور کے رہائشیوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
اس سلسلے میں نگران وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ اور ہائوسنگ ظفراللہ خان نے بی آر ٹی کے بلا تعطل آپریشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذو پشاور اس وقت روزانہ 3 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرتا ہے۔ کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا محدود عرصے کی بندش بھی نہ صرف پشاور کے رہائشیوں کی زندگیوں پر بلکہ شہر کی معاشیات اور اقتصادیات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت اور خاص طور پر وزیر خزانہ احمد رسول بنگش کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بر وقت فنڈز کے اجرا میں معاونت کی۔ انہوں نے مزید کہا، یہ فنڈز سروس پرووائڈرز کو واجب الادا ادائیگیوں میں ہم کردار ادا کریں گے۔ پشاور کے عوام کو اعلیٰ معیار کی سفری سہولت کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

مزید پڑھیں:  40ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی