تربیت معطل

انتخابی عملے کی تربیت معطل، ملک بھر میں الیکشن کا عمل رک گیا

ویب ڈیسک :لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ملک بھر میں انتخابی عملے کی تربیت معطل ہونے کے نتیجے میں الیکشن کا عمل رک گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے اور آئین کے تحت الیکشن شیڈول کا اعلان 54 دن پہلے یعنی کل ہونا ہے لیکن گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست قبول کرتے ہوئے ”انتظامی افسروں“سے الیکشن کروانے الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔
عام انتخابات کے دوران پنجاب کی بیوروکریسی سے ریٹرننگ افسران لینے کے خلاف عمیر نیازی کی درخواست پر عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ الیکشن کے انعقاد میں قوم کے اربوں روپے استعمال ہوتے ہیں، بڑی سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج ماننے سے انکار کردیا تو سارا پیسا ضائع ہو جائے گا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ زمینی حقائق کے مطابق درخواست گزار کی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ میسر نہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ کی عدم دستیابی پر آزادانہ رائے رکھنے والے متعدد گروپس نے سنجیدہ نوٹس لیا ہے، معاملے کی اہمیت اور قانونی نکات کی تشریح کیلئے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ : ایک روز قبل لاپتہ ہونے والے بچے کی تشدد زدہ نعش مل گئی