سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ

سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ یاد رکھا جائے گا، بیرسٹر گوہر

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ یاد رکھا جائے گا، 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے کر آئین میں من مانی ترامیم کا راستہ روک دیا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا۔
انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کہا کہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ یاد رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کروڑوں عوام سمیت جمہوری قوتوں کے لیے آج بہت خوشی کا دن ہے۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے کر آئین میں اپنی مرضی کی ترمیم لانے کا راستہ روک دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں اور حق حقدار کو ملے۔
شبلی فراز نے بھی فیصلے پر عدالتوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا آج بہت بڑا دن ہے کیونکہ طاقتور اور جابر ہمارا حق چھین کر مال غنیمت سمجھ کر سیٹیں دوسروں میں بانٹنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے فیصلے سے آئین کا حلیہ بگاڑنے کےا رادے پرعمل کرنے کا راستہ روک دیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ ہمارے پاس اب بھی 209 اراکین کی اکثریت ہے، فیصلہ ابھی پورا نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی یا نہیں یہ ابھی نہیں بتا سکتا۔

مزید پڑھیں:  ڈی چوک احتجاج، وزیراعلیٰ کا ہر رکن اسمبلی کو 500بندے لانے کا ٹاسک حوالے