حکومت کو کوئی خطرہ نہیں

سپریم کورٹ کا فیصلہ سیاسی،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں : وزیر قانون

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ہمارے پاس اب بھی 209 اراکین کی اکثریت ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ریلیف سنی اتحاد کونسل مانگنے گئی تھی لیکن عدالت نے پی ٹی آئی کو دے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سماعت میں سامنے آیا کہ سنی اتحاد کونسل میں اقلیتیں شامل نہیں ہو سکتی تو شاید یہ راستہ بنایا گیا، سپریم کورٹ میں کبھی 80 لوگ آکر کھڑے نہیں ہوئے کہ وہ پی ٹی آئی کے ہیں اور سنی اتحاد میں شامل کیوں ہونا پڑا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا آج بھی وہ سینیٹرز جو سپریم کورٹ کے فیصلے سے آزاد ڈکلئیر ہوئے وہ آزاد ہی درج ہیں، آزاد اراکین نے بغیر رغبت اور اپنی منشا سے کہا کہ وہ سنی اتحاد کونسل سے ہیں، آزاد اراکین نے خود لکھ کر دیا کہ وہ آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے اور سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کی تشریح عدالت کا اختیار تو ہے مگر اب بات آئینی تشریح سے آگے نکل گئی ہے، آئین کے آرٹیکل 51 کو دوبارہ لکھا گیا ہے، بطور قانون کے طالب علم عدالت کے وقار کو مدنظر رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس پر اپیل کرے گی یا نہیں یہ فیصلہ کابینہ کرے گی، بطور وزیر قانون نظر ثانی پر اپنی رائے محفوظ رکھوں گا، اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ نظر ثانی دائر کرنی ہے یا نہیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا اب تک سمجھ نہیں پایا کہ سپریم کورٹ نے کون سا دائرہ اختیار استعمال کیا، عدالت اس طرح سے آرٹیکل 187 کا اختیار استعمال تو نہیں کر سکتی، بادی النظر میں ابھی تک کے فیصلے میں وضاحت نہیں ہے، اس فیصلے میں آئینی اور قانونی خامیاں ہیں کہ یہ زیر بحث رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی معاملے کو سیاست کے ساتھ مکس نہیں کروں گا، حکومت کی بھرپور اکثریت نے بجٹ بھی منظور کیا، حکومتی اتحاد نے کچھ اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ججز کے احتساب سمیت بہت سی اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے، ایک جج ایک دن میں 35، 40 کیسز کا فیصلہ کرے، دوسرا نا کرے تو کیا یہ مس کنڈکٹ نہیں؟ جج کا فرض ہے کہ عام آدمی جس کے لیے نظام کھڑا کیا گیا ہے اس پر فوکس کریں، سارا رجحان سیاسی جماعتوں کی طرف ہے۔
وزیر قانون کا کہنا تھا آج کا فیصلہ سیاسی فیصلہ ہے، جو مباحثے ٹی وی پر چل رہے ہیں انکے مطابق فیصلے ہو رہے ہیں، فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہئیں، جو مانگا ہی نا گیا ہو عدالت وہ فیصلہ کرے تو یہ میرے لیے تکلیف دہ ہے، عدالت سے ریلیف سنی اتحاد کونسل مانگنیگئی تھی لیکن پی ٹی آئی کو دے دیا گیا، کیس میں پی ٹی آئی نہ درخواست گزار تھی نہ انھوں نے ریلیف مانگا تھا۔
ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ فیصلے کے مندرجات دیکھ رہے ہیں، مخصوص نشستوں سے متعلق قانون موجود ہے، نشستیں سنی اتحاد کونسل کو جانی چاہیے تھیں، کیس میں تو پی ٹی آئی فریق تھی ہی نہیں، پی ٹی آئی کے آزاد ارکان نے جیتنے کے بعد کسی فورم سے رجوع نہیں کیا، سنی اتحاد کونسل کے منشور کے مطابق انھیں اقلیتی نشستیں نہیں ملنی چاہئیں ۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کی بیروت و دیگر شہروں میں کارروائیاں، 52 شہری شہید