ملک بھر میں طوفانی بارشیں

ملک بھر میں طوفانی بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب، درجہ حرارت میں کمی

ویب ڈیسک: ملک بھر میں طوفانی بارشیں جاری ہیں، لاہور اور کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بھی موسم خوشگوار، بارش سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا وہیں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں رات گئے سے بارش اور سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ صبح سے متعدد علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے20 سے22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن معمار میں 11 اعشاریہ 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی باران رحمت نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
دوسری جانب لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں سمیت ملک بھر میں طوفانی بارشیں جاری ہیں، حالیہ بارشوں نے خوب رنگ جمایا۔
ماہرین کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
مون سون سیزن کے دوران جہاں ملک بھر میں بارشیں جاری ہیں وہیں بعض نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، طوفانی بارش کے باعث لاہور میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
لاہور میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، اس دوران سب سے زیادہ ایئرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے ساتھ دیگر علاقوں میں بھی بارش کی شدت ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد سمیت کئی مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج سے 6 اگست تک مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

مزید پڑھیں:  مسائل حل نہ ہونے پر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے ملازمین کا احتجاج