اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف قرارداد

قومی اسمبلی اجلاس: اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف قرارداد منظور

اسماعیل ہنیہ شہادت فلسطینیوں کی آزادی کے خواب کو جلا بخشے گی، قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور
ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے حماس سربراہ کی شہادت پر غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ شہادت فلسطینیوں کی آزادی کے خواب کو جلا بخشے گی۔
قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ایاز صادق کی زیر صدارت جاری ہے جس دوران اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایوان کا دن مختص کرتے ہوئے معمول کا ایجنڈا مؤخر کر دیا گیا اور باقی ایجنڈا اگلی کارروائی کے دن تک مؤخر کرنے کی تحریک منظور کر لی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج جمعہ کی نماز کے بعد وزیر اعظم ہاؤس میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، جس میں وزیر اعظم اور سینیئر وزرا شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ فلسطینیوں پر بربریت اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایران میں حماس رہنما کی شہادت سفاکی کی بدترین مثال ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ چین، روس سمیت تمام ممالک نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی بھرپور مذمت کی۔
عالمی اداروں کا ضمیر جاگنا چاہیے، فلسطین اور غزہ میں صیہونی افراج بدترین تباہی پھیلا رہے ہیں، اس قدر خونیں وارداتیں کہک دل خون کے آنسو روتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بھی اپنی کابینہ کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس کی مسجد میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کروں گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کر لیا۔
بجلی کے مسئلے پر بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بجلی بحران کے حل کیلئے ہماری کوششیں پہلے دن سے جا ری ہیں، نوازشریف کے دور میں بھی 20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان نے 4ایل این جی کے 5ہزار میگاواٹ پاور کے پاور پلانٹ لگائے، ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی معاہدے ہوئے تھے تاہم یہاں کسی دور کے معاہدوں کو طعنے کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح عوامی مسائل کا حل کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور دنیا کاآلودہ ترین شہر قرار ، دہلی کا دوسرا نمبر