یوم استحصال کشمیر

یوم استحصال کشمیر :خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں ریلیوں کا انعقاد

ویب ڈیسک: ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں بھی 5اگست 2019کے بھارتی اقدام کے خلاف آج یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے ۔
اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی رہنماؤں ، ضلعی انتظامیہ کے افسران دیگر حکام اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان اور مقامی عمائدین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ناصر خان نے کہا کہ5 سال قبل کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے ظلم کی ایک نئی داستان رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم رکوانے میں عملی کردار ادا کرے
اسی طرح ضلع اورکزئی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم استحصال کشمیر منایا گیا ۔
اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارتی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی ۔
بنوں میں بھی یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ریلی نکا لی گئی ۔
ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں سرکاری محکمہ جات کے ملازمین اور مختلف مکتبہ فکر کے شہریوں نے شرکت کی اس موقع پر شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی ۔
رستم میں بھی یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا جس میں اے سی رستم، ٹی ایم او اور تحصیل کونسل کے چیئرمین و ممبران نے شرکت کی ۔
نوشہرہ میں بھی بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف یوم ِاستحصال منایا گیا ۔
کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور واک کی گئی ، شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے
واک میں انتظامیہ کے افسران،اساتذہ کرام،سول سوسائٹی انجمن تاجران کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کاٹلنگ میں بھی 5 اگست یوم استحصال کشمیر سیاہ دن کے طور پر منایاگیا ۔
اس سلسلے میں کاٹلنگ انتظامیہ کی جانب سے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف اداروں کے اہلکاروں تاجربرادری ،سول سوسائٹی نے شرکت کرکے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع باجوڑ میں بھی یوم استحصال کشمیرکے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں ۔
سول کالونی میں مختلف مکتبہ فکرو عمر کے افراد نے ریلیاں نکالیںشرکاء نے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔
ریلیوں کے اختتام پر ملک پاکستان اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور سے دبئی جانیوالی پی آئی اے پرواز کی ہنگامی لینڈنگ