آئی ایم ایف سے 7 ارب

آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام پر اہم پیشرفت

ویب ڈیسک: آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام پر اہم پیشرفت، 3 ممالک کے قرض رول اوور کرنے کے بعد عالمی مالیاتی فنڈ کو آگاہ کر دیا گیا.
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی عالمی مالیاتی ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے منظوری کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے چین ، سعودی عرب اور یواے ای سے قرض کی مدت میں توسیع کی یقین دہانیاں حاصل کرلی ہیں جبکہ تینوں ممالک کی یقین دہانیوں سے متعلق آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ چین، سعودی عرب اور یو اے ای نے قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی یقین دہانی کرائی ہے، یہ رول اوور تین سال کےلئے ہوگا لیکن ہرسال نئے سرے سے کیاجائےگا۔
وزیر خزانہ کے مطابق رواں سال دوست ممالک کو 12 ارب ڈالرکے دوطرفہ قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں جن میں پاکستان کے ذمہ سعودی عرب کا 5 ارب، چین کا4 ارب اور متحدہ عرب امارات کا 3 ارب ڈالر قرض واجب الادا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان 3سال میں تین سے5 ارب ڈالر تک کے فنانسنگ گیپ کو پورا کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے، پاکستان نے چین سے پاور پلانٹس کےلئے بھی قرض میں ریلیف کی درخواست کی ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے جس میں آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کیلئے 37 ماہ پر محیط 7 ارب ڈالرکے قرض پروگرام کی حتمی منظوری دے گا۔
یاد رہے کہ اس دوران آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

مزید پڑھیں:  آرٹیکل 63اے نظر ثانی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری