کارساز ٹریفک حادثہ

کارساز ٹریفک حادثہ : سینیٹ کمیٹی نے ملزمہ کی رپورٹ طلب کرلی

ویب ڈیسک: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے کار ساز ٹریفک حادثے پر ملزمہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
چیئر مین قائمہ کمیٹی عامر چشتی نے کہا کہ ملزمہ کے ٹیسٹ اور صحت پر کراچی کے جناح ہسپتال انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے، ملزمہ کے ٹیسٹ اور دیگر کارروائی پر عوام میں شکوک پائے جارہے تھے،یقینی بنائیں گے کہ کوئی فال پلے نہ ہو۔
گزشتہ روز جناح ہسپتال کے ماہر نفسیات نے بتایا کہ کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں نامزد خاتون کو ماہر نفسیات کی رائے کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔
جناح ہسپتال کے شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر چنی لال کا کہنا تھا کہ 19اگست کو ملزمہ کو جناح ہسپتال لایا گیا تھا، مریضہ کو جب ہسپتال لایا گیا تو حالت ٹھیک نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے اہلخانہ نے بتایا وہ ذہنی مریض ہے تاہم اہلخانہ مریضہ کے حوالے سے کوئی ریکارڈ پیش نہ کرسکے، مریضہ کی فی الحال نفسیاتی رہنمائی کی ضرورت نہیں۔
پولیس کی جانب سے گزشتہ روز ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت پولیس نے ملزمہ کے 14دن کے ریمانڈ کی استدعا کی جس پر ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ میری موکلہ کے خلاف دفعات قابل ضمانت ہیں، اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ 322 کا اضافہ کیا ہے اور دفعہ 322 ناقابل ضمانت ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے خاتون سے پوچھا کے پولیس نے آپ پر کوئی تشدد تو نہیں کیا؟ اس پر خاتون نے نفی میں جواب دیا۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کا پنجگور واقعے کا نوٹس، رپورٹ مانگ لی