بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 14 اہلکار شہید

ویب ڈیسک: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 14 اہلکار وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 21 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے جبکہ ان کارروائیوں کے دوران 14 اہلکار وطن پر جان قربان کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اگست کی درمیانی رات کو دہشت گردوں نے بلوچستان میں کئی کارروائیوں کی کوشش کی، جس کا مقصد دشمن طاقتوں کے ایما پر ان بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان میں امن اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں متعدد شہریوں کی شہادت ہوئی، موسیٰ خیل میں دہشت گردوں نے ایک بس کو روکا اور بلوچستان میں روزگار کرنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ ان کارروائیوں کے دوران 14 بہادر سپوت جام شہادت نوش کر گئے، شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں کی گئیں، اس دوران 21 دہشتگرد ہلاک اور 14 اہلکار شہید ہوئِے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی قیادت کا رابطہ ، ملاقات طے