قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ

اختلافات اپنی جگہ، قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ ہیں، فیصل کریم کنڈی

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لاہور چیمبر آف کامرس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہیں لیکن قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع ایک بار پھر نوگو ایریا بنے ہوئے ہیں، مرکز دیہی صحت پر حملے شرمناک ہیں، میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال ٹھیک نہیں۔ اس سلسلے میں صدر مملکت کو خط لکھوں گا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ماضی میں افغانستان سے عسکریت پسندوں کو اس صوبے میں آباد کر کے غلط فیصلہ کیا گیا، عسکریت پسندوں کو آباد کرنے کے بعد خیبرپختونخوا میں صورتحال بگڑ گئی۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں نے صوبے کا امن تباہ کر کے رکھ دیا ہے، انہوں نے ٹھوس لہجے میں کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے حالات 2006 سے خراب ہونا شروع ہوئے، ہمارے صوبے میں قیام امن کیلئے سکول کے بچوں تک نے قربانی دی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سے اختلاف اپنی جگہ لیکن یہاں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ ہیں۔ یہ صوبے کا مسئلہ ہے اس لئے سب کو مل کر اسے حل کرنا ہوگا.

مزید پڑھیں:  شمالی وزیرستان ہیلی کاپٹر حادثے میں ملاکنڈ کے دو انجینئرز بھی شہید