سکیورٹی انچارج کی بازیابی

عمران خان کے سابق سکیورٹی انچارج کی بازیابی ایک ہفتے کی مہلت

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے سابق سکیورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کے لئے پولیس کو اگلے ہفتے کی مہلت دے دی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمر سلطان کی بازیابی کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ایس پی صدر معاملے کو خود دیکھیں اور انویسٹیگیشن کرکے عدالت کو آگاہ کریں۔
چیف جسٹس نے دوران سماعت اپنے ریمارکس میں کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج ہے یا نہیں ہے، غلط بیانی نہ کریں، ایس پی صاحب آپ بتائیں۔
ایس پی خان زیب خان نے بتایا کہ جی سی سی ٹی وی فوٹیج ہے، ہم اسے دیکھ رہے ہیں اور تحقیقات چل رہی ہیں۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ آپ اس معاملے کو خود دیکھیں اور نئی رپورٹ دیں۔
چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش پولیس نے کرنی ہے میں نے نہیں کرنی، آپ کے پاس کیس سے متعلق کچھ ہے تو وہ پولیس کو فراہم کریں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایس پی صدر خان زیب انویسٹیگیشن کریں گے، آپس میں کوآرڈینیشن کرلیں جو چیز سامنے آئے ایس پی کو بتائیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس کیس کو پیر کے لیے رکھیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پیر سے متعلق ججز روسٹر جاری ہوگا اس کے مطابق دیکھیں گے۔
ہائیکورٹ نے عامر سلطان کی بازیابی کی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی ۔

مزید پڑھیں:  اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور انتظامی سربراہ سے محروم ، تعلیمی اور دیگر امور ٹھپ