خیبر پختونخوا کابینہ میں تقرریوں

گورنر کی عدم موجودگی،خیبر پختونخوا کابینہ میں تقرریوں کا عمل رک گیا

ویب ڈیسک: گورنر فیصل کریم کنڈی کی پشاور میں عدم موجودگی کے باعث خیبر پختونخوا کابینہ میں مزید تقرریوں کا عمل رک گیا ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک مشیر اور چار معاونین خصوصی کی تقرری کی سمری گورنر خیبر پختونخوا کو ارسال کی تھی جو انہیں 26اگست کو موصول ہو گئی تھی ۔
سرکاری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے تاحال سمری پر دستخط نہیں کیے، گورنر فیصل کریم کنڈی گزشتہ ایک ہفتے سے شہر سے باہر ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے احتشام علی کو مشیر، پیر مصور غازی، سہیل آفریدی، نیک محمد اور ہمایون خان کو بطور معاونین خصوصی کابینہ میں شامل کرنے کی سمری گورنر کے پی کو بھیجی تھی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ گورنر کے پاس سمری گئی ہے لیکن گورنر موجود نہیں ہیں، گورنر اپنی آئینی ذمہ داری چھوڑ کر سیاست کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
آفتاب عالم کا مزید کہنا تھا گورنر ریاستی امور کو نقصان پہنچا رہے ہیں، فیصل کریم کنڈی اپنا کام چھوڑ کر ٹاک شوز میں تجزیے کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  رنگ روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن ، ڈی جی پی ڈی اے اور ایم این اے تنازعہ شدید