جنوبی اضلاع حکومتی رٹ

خیبر پختونخوا میں بدترین کرپشن ہورہی ہے ،گورنر فیصل کریم کنڈی

ویب ڈیسک: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تاریخ کی بدترین کرپشن ہورہی ہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کاکہنا تھا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو جو وفاداری کا فارم فل کر کے نہیں دیتے، اس کو عہدوں سے ہٹا دیا جاتا ہے ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس پورے پاکستان میں سب سے مظلوم ہے، انکی تنخواہیں بھی کم ہیں، انکے پاس ضروری چیزیں بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، لکی، کوہاٹ کی صورتحال یہ ہے کہ حکومت کی کوئی رٹ نہیں ہے، نو گو ایریاز بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ2008سے پہلے جو پختونخوا کی صورتحال تھی وہ کچھ اور تھی، اس وقت کچھ اور ہے۔
گورنر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جب وفاقی حکومت سنبھالی تو اس وقت پختونخوا بارود سے بھرا تھا، اس وقت کہا جاتا تھا کہ سوات میں پاکستان کا جھنڈا نہیں لہرایا جاسکتا تھا،آج وہاں ٹارگٹڈ کارروائیاں ہو رہی ہیں، پولیس، سرکاری ملازمین اور افواج کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پچھلے دنوں ایک ویڈیو وائرل ہوئی، مولانا کے گھر جو راستہ جاتا ہے ادھر لوگ کھڑے ہیں، ججوں پر حملے ہو رہے ہیں، اس سے پہلے ایک جج کو اغوا کیا گیا تھا۔
سرکاری ملازمین جو ڈی آئی خان سے ٹانک جاتے ہیں وہ بسوں ٹیکسیوں میں سفر کرتے ہیں کہ انہیں کوئی پہچان نہ لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹانک میں آنا جانا تو بالکل ہی مشکل ہوگیا ہے، چالیس کلو میٹر کا روڈ صوبائی حکومت محفوظ نہیں کرسکی ہے اور وزیراعلیٰ کا گاؤں بھی اسی راستے میں آتا ہے ۔

مزید پڑھیں:  وفاقی حکومت کا 6وزارتیں ،ڈیڑھ لاکھ ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان