پشاور سمیت بیشتر اضلاع میں مزید

پشاور سمیت بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، الرٹ جاری کر دیا گیا

ویب ڈیسک: پشاور سمیت بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع بشمول پشاور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے متعلقہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو پیشگی انتظامات کیلئے الرٹ جاری کردیا گیاہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، سوات ، چترال ،دیر، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، باجوڑ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، خیبر، کرم، مہمند، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی ا ور جنوبی وزیر ستان میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ٓج سے شروع ہونیوالی بارش کے باعث بالائی اضلاع میں زمینی کٹاﺅ اور برساتی نالوں میں طغیانی و سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ پشاور اور نوشہرہ کے شہری علاقے بھی زیر آب آنے سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بارش کے باعث دریاﺅں اور نہروں کے ساتھ ندی اور نالوں میں بھی پانی کا بہاﺅ تیز ہونے کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔
مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، کوہستان، دیر اورباجوڑ میں گزشتہ روز سے بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے، جہاں سب سے زیادہ بارش کالام سوات اور کاکول ایبٹ آبادمیں 23 ملی میٹر، چراٹ میں 18 ملی میٹر ہو ¾ی۔
اس کے علاوہ مالم جبہ میں 17 ملی میٹربارش ، رسالپور میں 14 ملی میٹر بارش ، سید و شریف میں 13 ملی میٹر بارش اور بالاکوٹ میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
پٹن میں 8 ملی میٹر، دیر میں 7 ملی میٹر اور تخت بھائی میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ روز میدانی اضلاع بشمول پشاور میں حبس اور گرمی کی شدت معمول سے زیادہ تھی جبکہ سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 11 سینٹی گریڈ اور کالام میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پشاور سمیت بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا گیاہے۔

مزید پڑھیں:  راولپنڈی احتجاج: خواتین سمیت پی ٹی آئی کے 103کارکن گرفتار