یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم کا اجراء

صوبہ بھر میں گاڑیوں کے لئے یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم کا اجراء

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف تیزی سے گامزن ہے، جہاں ایک طرف سرکاری محکموں میں ای گورننس اور سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن میں درجہ بدرجہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ، وہیں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ ایکسائز نے صوبہ بھر میں گاڑیوں کے لئے یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم کا اجراء کر دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ایکسائز نے پراپرٹی ٹیکس جمع کرانے کیلئے پبلک فیسیلی ٹیشن ماڈیول کا بھی اجراء کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے ان آن لائن سسٹمز کا باضابطہ اجراء کر دیا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پبلک فیسیلی ٹیشن ماڈیول اینڈرائیڈ ایپ اور ویب ماڈیول پر مشتمل ہے، جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان کسی بھی جگہ سے اپنے ٹیکس ریکارڈ تک آن لائن رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
اب ٹیکس دہندگان کو ٹیکس سے متعلق معلومات یا ٹیکس جمع کرنے کے لئے دفتروں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ پبلک فیسیلی ٹیشن ماڈیول اینڈرائیڈ ایپ اور ویب ماڈیول ہی کے ذریعے ٹیکس دہندگان اپنا چالان بھی آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اسی ماڈیول کے تحت ٹیکس دہندگان کے لئے آن لائن ٹیکس کیلکولیٹر بھی فراہم کیا گیا ہے جس سے ٹیکس دہندگان خود بھی ٹیکس کی شرح کا تعین کر سکتے ہیں۔
عوام کی سہولت کیلئے اس سسٹم کے ذریعے پراپرٹی ٹیکس کے جملہ امور میں شفافیت یقینی بنائی گئی ہے اور اس سے محکمے کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
دوسری طرف اس ڈیجیٹل سسٹم میں ٹیکس دہندگان کی شکایات کے فوری ازالے کا نظام بھی موجود ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ سسٹم صوبے کے تین اضلاع میں شروع کیا جارہا ہے، جسے اگلے مرحلے میں پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی۔
گاڑیوں کے یونیورسل نمبر پلیٹ کا اجراءعوام کو سہولیات کی فراہمی اور شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے صوبائی حکومت کا ایک اور اہم اقدام ہے۔
اس سسٹم کے ذریعے شہری گاڑیوں کی رجسٹریشن، تجدید، ادائیگیوں اور دیگر امور کے لئے موبائل ایب اور ویب کا استعمال کر سکتے ہیں۔
آن لائن موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم سے دیگر امور کے علاوہ رجسٹریشن فیس کی ادائیگی بھی آن لائن کی جاسکے گی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جانب گامزن ہے، محکمہ ایکسائز نے صوبہ بھر میں گاڑیوں کے لئے یونیورسل نمبر پلیٹ سسٹم کا اجراء کر دیا۔

مزید پڑھیں:  قتل کی سازش، گرپتونت سنگھ نے بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ کردیا