پی ٹی آئی کو مہلت

انٹرا پارٹی انتخابات: پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مہلت

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مہلت دے دی ۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے3رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔
اس موقع پر ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ کا کہنا تھا کہ ویسے آپ نے الیکشن کہاں کرائے تھے؟ 5 سال کے اندر آپ نے انتخاب نہیں کروائے، 5سال کے بعد انٹرا پارٹی انتخاب کروائے، اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی آئی کے الیکشن کیا چمکنی میں ہوئے تھے؟ جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ نہیں جناب!انتخابات اسلام آباد میں بھی ہوئے تھے، ہم نے دستاویزات جمع کرانی ہیں، ہفتہ،10دن تک کا وقت دے دیں۔
بنچ نے الیکشن کمیشن حکام سے سوال کیا کہ اگر پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو ہم اب بھی تسلیم نہیں کرتے تو کیا مستقبل ہو گا؟ جس پر ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے جواب دیا کہ پارٹی کا کوئی تنظیمی ڈھانچہ نہیں رہے گا۔
دوران سماعت بنچ نے ڈی جی پولیٹیکل فنانس کو ہدایت کی کہ آپ ہمیں اس نکتے پر معاونت فراہم کریں۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم بھی اس معاملے پر آپ کو معاونت دیں گے، انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر الیکشن کمیشن جو کر سکتا تھا اس نے کر لیا۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  ووٹ کے سامنے فارم 45کی کوئی اہمیت نہیں، چیف جسٹس