اکثریتی ججز کی وضاحت پر جواب

چیف جسٹس نے اکثریتی ججز کی وضاحت پر رجسٹرار سے جواب مانگ لیا

ویب ڈیسک: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے 14ستمبر کی اکثریتی ججز کی وضاحت پر جواب مانگ لیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ مخصوص نشستوں کے معاملے میں چیف جسٹس نے اکثریتی ججز کی وضاحت پر 9سوالوں پر جواب طلب کیا ہے ۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اس معاملے پر رجسٹرار سپریم کورٹ سے جواب طلب کیے اور استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن اور تحریک انصاف نے وضاحت کی درخواست کب دائر کی۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے سوال کیا کہ متفرق درخواستیں کاز لسٹ کے بغیر کیسے سماعت کے لیے فکس ہوئیں؟ کیا رجسٹرار آفس نے متعلقہ فریقین اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا؟
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے رجسٹرار سے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی، الیکشن کمیشن کی درخواستیں پریکٹس پروسیجر کمیٹی میں کیوں نہیں بھیجی گئی؟
ذرائع کے مطابق رجسٹرار سے سوال کیا گیا ہے کہ کس کمرہ عدالت یا چیمبر میں درخواستوں کو سنا گیا؟ درخواستوں پر فیصلہ سنانے کیلئے کاز لسٹ کیوں جاری نہیں کی گئی؟
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ آرڈر کو سنانے کیلئے کمرہ عدالت میں فکس کیوں نہ کیا گیا؟
اوریجنل فائل اور آرڈر سپریم کورٹ رجسٹرار میں جمع ہوئے بغیر آرڈر کیسے اپ لوڈ ہوا؟ آرڈر کو سپریم کورٹ ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کا آرڈر کس نے کیا؟

مزید پڑھیں:  وزیراعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے دی