نظر ثانی کیس کی سماعت غیر قانونی

آرٹیکل63اے نظر ثانی کیس کی سماعت غیر قانونی ہے،جسٹس منیب اختر

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے آرٹیکل 63اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی کیس کی سماعت کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ایک اور خط لکھ دیا ہے ۔
خط میں انہوں نے آج کی سماعت کے حکمنامے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی۔
جسٹس منیب اختر نے خط میں مزید لکھا کہ چار رکنی بنچ عدالت میں بیٹھ کر آرٹیکل 63 اے سے متعلق نظرثانی کیس نہیں سن سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی سماعت کا حکمنامہ مجھے بھیجا گیا، جس میں میرا نام لکھا ہوا ہے مگر آگے دستخط نہیں ہیں۔
جسٹس منیب اختر نے لکھا کہ بنچ میں بیٹھنے والے چار ججز قابل احترام ہیں مگر آج کی سماعت قانون اور رولز کے مطابق نہیں۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج نے مزید کہا کہ اپنا موقف پہلے خط میں تفصیل سے بیان کر چکا ہوں، آج کی سماعت کے حکمنامے پر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتا ہوں۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آج کی سماعت کا حکمنامہ جوڈیشل آرڈر نہیں ہے، آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی کیس کے حکمنامہ کی کوئی حیثیت نہیں۔

مزید پڑھیں:  لوئرکوہستان، قراقرم روڈ پر ٹریفک حادثہ میں 3افراد جاں بحق