پاکستان اور ملائیشیا متفق

پاکستان اور ملائیشیا دوطرفہ تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے پر متفق

ویب ڈیسک: پاکستان اور ملائیشیا دوطرفہ تعلقات اور باہمی تجارت کو فروغ دینے پر متفق ہو گئے ہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعاون سمیت علاقائی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بہتر تعلقات پائے جاتے ہیں، تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ملائیشین وزیراعظم کی خدمات قابل قدر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم نے عوام کے حقوق کی خاطر جیل بھی کاٹی، دونوں ممالک مل کر سرمایہ کاری میں تعاون کریں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے ملائیشیا کو ترقی کی منازل سے ہمکنار کیا وہ قابل تقلید ہے، کرپشن کے خلاف آپ کی جدوجہد ایک رول ماڈل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام غزہ کے مظلوم انسانوں کے شانہ بشانہ ہیں، فلسطینیوں کی نسل کشی پر دل افسردہ ہے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کرکے امن بحال کیا جائے۔
اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم داتو انور ابراہیم نے وزیراعظم شہبازشریف کا اردو میں شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی محبت اور میزبانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا پاکستان کا دوست ہے، علامہ اقبال کی شاعری میریدل کے بہت قریب ہے، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک ملائیشیا تعلقات کے فروغ کے لیے عملدرآمد یقینی بنائیں گے، مختلف شہروں کے دوروں پر جو محبت ملی وہ قابل تعریف ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر میں پولیس کارروائی کی ذمہ داری وفاق پر ڈالنا شرمناک ہے،ایمل ولی