پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع،412افراد گرفتار

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی ، وفاقی پولیس نے ڈی چوک احتجاج میں شرکت کیلئے آنے والے 412افراد کو گرفتار کر لیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج میں شرکت کیلئے آنے والے 412 افراد کواسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا جن میں سے 60 کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کو بارہ کہو، ترنول، سنگجانی سے گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے کیلوں والے ڈنڈے، غلیل اور کنچے برآمد ہوئے ہیں۔
مظاہرین کی گرفتاری کے بعد یکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کی سکیورٹی کے لئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہدایت پر جمعہ بتاریخ 4 اکتوبر کو ڈی چوک پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج سے نمٹنے اور مظاہرین کو ڈی چوک تک پہنچنے سے روکنے کے لیے سخت انتظامات کیے اور ساتھ ہی راولپنڈی میں بھی پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے، جبکہ 4 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں آٹا پھر مہنگا ہونے لگا، 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے اضافہ