بارشوں کی تباہ کاریاں

بارشوں نے تباہی مچادی،چھتیں گرنے سے 2 خواتین،8بچے جاں بحق

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اوربرفباری کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے دو خواتین ،8 بچے جاں بحق ، متعدد افراد زخمی اور درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے۔


باڑہ میں بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں مکانات کی چھتیں گرنے سے خاتون اور دو بچے جاں بحق اور چھ بچوں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے، جبکہ تیراہ میں تین فٹ برف باری کے باعث کاروباری زندگی معطل اور عوام کو اشیاء خوردونوش میں شدید قلت کا سامنا ہے، دیر بالا کے دور افتادہ علاقہ ڈوگدرہ مینہ میں محمد اسرار ولد نور ولی کی گھر کی چھت شدید برفباری کے باعث منہدم ہو گئی جس میں ماں چار بچو ں سمیت ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئی دیگر علا قوں نہاگدرہ، جبر عشیرئی درہ براول میں مکانات منہدم ہو نے سے درجنوں مال مویشی ہلاک ہوگئے۔ باڑہ کے نواحی ملک دین خیل علاقے چرگی ڈگرے میں جمال شاہ نامی شخص کے مکان کے دو کمرے بارش کے باعث گر گئے ،مقامی افراد نے ملبے سے حسن کو مردہ حالت میں ایک خاتون اور نو سالہ شائستہ بنت جمال شاہ کو زخمی حالت میں نکالا۔ نواحی اکاخیل معروف خیل کے علاقہ لنڈے پلاسین میں کپتان نامی شخص کے مکان کی چھت گرگئی، امدادی کاروائی کے دوران ملبے سے مسماة (ش) زوجہ رحمان اللّٰہ اور اس کی بیٹی محسنہ کو مردہ حالت میں اور کپتان اور اس کی بیٹی رحیم بی بی کو زخمی ہوگئے۔ شلوبر کے علاقہ سورکس میں مولانا قدرت اللّٰہ کے مکان کی چھت گرنے سے اس کی بیوی مسماة( ج) بیٹی مسما ( ٹ) بیٹے شفیع اللّٰہ اور سہیل کو امدادی کاروائی کے دوران زخمی حالت میں نکال لیا،باڑہ کے نواحی پر قمبر خیل کے علاقے توت ڈھنڈ میں مکان کی چھت گر گئی جس سے مہتاج نامی شخص زخمی ہوگیا۔

مزید پڑھیں:  رفع حملوں کیخلاف جنوبی افریقہ کی عالمی عدالت انصاف میں درخواست

یہ بھی پڑھیں :بارشوں اور برفباری سے مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی: پی ڈی ایم اے

تحصیل مٹہ کے دور دراز علاقے فاضل بیگ گھڑئی میں شدید بارشوں اور برف باری سے احسان اللہ کے گھر کی دیوار گرگئی۔ احسان اللہ کا کمسن بیٹا عبدالرزاق نیچے آگیا اوردم توڑ گیا۔ تخت بھائی کے علاقے ساڑو شاہ ملیانوں کلے میں گزشتہ رات بارشوں سے بوسیدہ کمرے کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دبنے سے8 سالہ آسیہ دختر عطاء اللہ موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کا والد عطاء اللہ اور والدہ، بہنیں 10 سالہ اقراء اور 4 سالہ کائنات اور بھائی 7 سالہ مجیب شدید زخمی ہوگئے جبکہ باجوڑ میں بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا۔ باجوڑ میں گذشتہ چار دن سے مسلسل بارش جاری ہے۔ بارش کے شروع ہوتے ہی ضلع بھر سے بجلی غائب ہو گئی ہے۔ گھروں اور مساجد میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ صوابی کے موضع گندف میں ملک امان نامی شخص کے مکان کے دو کمرے بارش کے دوران گر گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ادھر جمرود کے علاقہ بکر اباد غنڈی و ریکالے میں بارشوں کے باعث گھروں کے چھتیں منہدم ہوگئیں جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی جبکہ درجنوں مویشی ہلاک ہوگئے ہیں علاقہ ریکالے میں نظام خان اور نواز کے گھروں کی چھتیں گرنے سے سامان کو نقصان پہنچاہے۔ دوسری جانب علاقے میں کئی دنوں سے بجلی معطل ہے جسکی وجہ سے پانی ناپید اور کاروبار زندگی سخت متاثر ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، آصف خان اور طارق اعوان کے مابین راضی نامہ ہو گیا، تلخیاں ختم