پشاور ملائوٹی اشیاء کا بڑا مرکز

پشاور،مضر صحت اشیاء رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈائون

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے پھندو روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک یونٹ سے بھاری مقدار میں استعمال شدہ خوردنی تیل برآمد کرلیا ہے۔فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق خوردنی تیل کو دوبارہ استعمال میں لانے کے لئے یونٹ میں فلٹر کیا جارہا تھا۔فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام نے بتایا کہ فلٹریشن کے بعد استعمال شدہ خوردنی تیل کو پکوڑا شاپس، مصالحہ جات اور دیگر کاروباروں کو سپلائی کیا جاتا تھا جبکہ اس تیل کو صابن انڈسٹری کے نام پر یونٹ میں لایا جاتا تھا۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران یونٹ سے 3 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت خوردنی تیل برآمد کر کے یونٹ سیل کردیا گیا ہے۔ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا ہے کہ شہریوں تک معیاری گھی اور خوردنی تیل کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ضلع بنوں میں ایک اور بچہ اغواء ، لواحقین کا احتجاج

ڈی جی شاہ رخ علی خان نے مزید کہا کہ شہری غیر معیاری اور مضر صحت کاروباروں سے متعلق اپنی شکایات فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ساتھ درج کروائیں۔خیال رہے کہ کچھ روز قبل ہی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے جعلی گڑ تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف کی گئی کارروائی کے نتیجے میں 1400 کلو چینی، خراب گڑ اور مضر رنگ ضبط کرلیا گیا تھا۔ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا ہے کہ یونٹ میں گنے کے بجائے چینی، خراب گڑ اور مضر صحت رنگوں کی مدد سے گڑ تیار کیا جارہا تھا۔

مزید پڑھیں:  وفاق سے حقوق لینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ،ظاہر شاہ طورو

ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مارکیٹ میں صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، عوام بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف شکایات ہمارے ٹال فری نمبر پر درج کرائیں۔