تونسہ، دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 7 پولیس اہلکار زخمی

ویب ڈیسک: تونسہ پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق جوانوں نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں حملہ آور رات کی تاریکی میں بھاگ گئے۔
دوسری طرف دہشتگردوں کے حملے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حملہ آور راکٹ لانچرز اور اسلحے سے لیس تھے جو چیک پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے تاہم پولیس نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جان پر کھیل کر دہشتگردوں کو بھگا دیا۔
یاد رہے کہ اس حملے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج معالجہ کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر سپتال تونسہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے، دہشتگردوں کو کبھی ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں اے ایس آئی عمران، کانسٹیبلز محمد عامر، عاشق زین، رحمت اللہ، ثنا اللہ، ایلیٹ کانسٹیبل طارق شامل ہیں جبکہ شدید زخمی ایلیٹ کانسٹیبل شاہد منظور کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ کیمپ کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی بند