ہنزہ میں منہدم پل کی بحالی کا کام تیز کیا جائے، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان

گلگت: چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے علی الصباح ہنزہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دوبارہ دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

چیف سیکرٹری نے منہدم پل کی بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی جبکہ متاثرہ علاقے میں پانی، بجلی، انٹرنیٹ و فون سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر احکامات جاری کر دیے۔

وادی ہنزہ میں شسپر گلیشر پر بنی جھیل کے پھٹنے سے علاقے میں تباہی مچ گئی، نقصانات کا جائزہ لینے و متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے چیف سیکریٹری محی الدین وانی گزشتہ رات بھی متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے ہنزہ پہنچے تھے۔
چیف سیکریٹری نے بجلی کی فراہمی کے لیے دو میگا واٹ جنریٹر کی فراہمی اور پانی و ایریگیشن چینل کی فراہمی سے متعلق موقع پر ہی ایڈمن منظوری دے دی جبکہ متاثرہ علاقے میں زمین کا تخمینہ و انٹرنیٹ و فون سروس کی بحالی کے لیے بھی احکامات جاری کر دیے۔

مزید پڑھیں:  صدرمملکت سے گورنر خیبرپختونخوا علی فیصل کنڈی کی ملاقات
مزید پڑھیں:  چترال، چلم جوشٹ کا تاریخِ تہوار وادی رمبور میں شروع، سیاحوں کا رش

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یہ ایک بدقسمت واقعہ پیش آیا جس نے سرکاری و نجی املاک و باغات کو نقصان پہنچایا ہے، حکومت تمام تر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، متاثرہ علاقے میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

چیف سیکریٹری نے متاثرین و ضلعی انتظامیہ کو مکمل مالی و انتظامی تعاون کی یقین کروا دی ہے۔