محکموں کو ترقیاتی منصوبے پیش

محکموں کو31جنوری تک ترقیاتی منصوبے پیش کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک : خیبرپختونخوا حکومت نے تمام انتظامی محکموں کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں نئے منصوبے تجویز کرنے کیلئے 31جنوری 2023کی ڈیڈ لائن دے دی ہیں۔ انتظامی سطح پر ترقیاتی منصوبے صوبائی حکومت کو بھیجنے سے قبل ان منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے سکروٹنی کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمیٹی کو منصوبہ منظور یا مسترد کرنے کا اختیار ہو گا اور منظور ہونیوالے منصوبوں کی سفارشات محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کو بھجوانے کی پابند ہوگی ۔
محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبر پختونخوا کی جانب سے مالی سال 2023-24کے ترقیاتی پروگرام کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں۔ ان گائیڈ لائنز میں ہر انتظامی محکمہ کو سکروٹنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے جو مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے گی۔ ان کمیٹیوں کو وقت دینے کا اختیار انتظامی محکمے کو حاصل ہوگا ۔ سکروٹنی کمیٹی مجوزہ منصوبوں سے متعلق سفارشات محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کو بھیجنے کی پابند ہوگی محکمہ ترقی و منصوبہ بندی سکروٹنی کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں ترقیاتی پروگرام تجویز کریگی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع ہونیوالے منصوبوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
صوبائی حکومت کی جانب سے پراجیکٹ مینجمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن یونٹس پر خرچہ کم سے کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو تجویز کرتے ہوئے سیلاب متاثرہ علاقوں کو ترجیح دی جائے جبکہ کورونا متاثرہ سیکٹر کی بحالی کیلئے منصوبے تجویز کئے جائیں اسی طرح سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے محکمے اپنے وسائل سے فنڈز مختص کریں جبکہ فلڈ رسپانس پلان 2022کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام منصوبہ بندی کی جائے ایسے منصوبے جو کم وقت میں زیادہ مئوثر ہوں وہ تجویز کئے جائیں اور ایک سال کے اندر اندر مکمل ہونیوالے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ قبائلی اضلاع کیلئے ترقیاتی پروگرام میں مالی سال میں مکمل ہونیوالے منصوبوں کو ترجیح دی جائے اور مالی وسائل کو دکھتے ہوئے ترقیاتی پروگرام تجویز کیاجائے
قبائلی اضلاع میں زیادہ تر منصوبے معاشی ترقی کیلئے تجویز کئے جائیں اور عوام کیلئے کارآمد اور مئوثر منصوبے لائے جائیں غربت کے خاتمہ پر توجہ مرکوز کی جائے اوربین الاقوامی امدادی اداروں اور اپنے وسائل سے تجویز منصوبوں میں فنڈز کے دہرے استعمال سے بچا جائے ۔انتظامی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقی سے محروم اضلاع میں صحت، تعلیم، آب رسانی اور سینی ٹیشن کے خصوصی منصوبے تجویز کئے جائیںجبکہ حلقہ وارترقیاتی منصوبوں کو تجویز کرنے کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ ترقیاتی پروگرام کی پالیسی، شعبہ جاتی پالیسی ، دیر پا ترقی کے اہداف اور دیگر گائیڈ لائنز کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے تجویز کئے جائیں۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا جسد خاکی مل گیا