جماعت نہم امتحان کی سٹوڈنٹس لرننگ آئوٹ کم بیسڈ پر منتقلی کا فیصلہ

جماعت نہم امتحان کی سٹوڈنٹس لرننگ آئوٹ کم بیسڈ پر منتقلی کا فیصلہ

ویب ڈیسک :خیبرپختونخوا تعلیمی بورڈز کے چیئرمین نے جماعت نہم کے امتحانی پرچوں کو سٹوڈنٹس لرننگ آئوٹ کم بیسڈ (ایس ایل او) پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ایس ایل او امتحان کا مقصد رٹہ سسٹم کا خاتمہ اور طلباء کی تحقیقی ذہانت ابھارنا ہے، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا تعلیمی بورڈزکے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر زمین گل کی زیر صدارت ملاکنڈ تعلیمی بورڈ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان کے چیئرمینوں نے شرکت کی، اس دو روزہ اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیاگیا کہ ممکنہ طور پر اپریل 2023ء میں میڑک کے سالانہ امتحان سٹوڈنٹس لرننگ آوٹ کم بیسڈ سسٹم کے تحت منعقد کئے جائیں گے
جس کی منظوری صوبائی حکومت نے دے رکھی ہے، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ ایس ایل او بیسڈ امتحان سے لے کر پرچہ جات کی تیاری اور مارکننگ کا طریق کار اپنانے کی غرض سے تمام تعلیمی بورڈز سے 50 ،50 مضمون ماہر اساتذہ کی تربیت کا انعقاد کیا جائے گا ، امسال جماعت نہم کا سالانہ امتحان مکمل طور پر ایس ایل او کے تحت لیا جائیگا، بعد ازاں آل تعلیمی بورڈ خیبرپختونخوا کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر زمین گل نے بتایا کہ ایس ایل او امتحان کے انعقاد کیلئے تمام تعلیمی بورڈ نے اپنی اپنی ویب سائٹ پر ماڈل پیپرز ڈال دیئے ہیں
جس سے اساتذہ، والدین اور طلباء استفادہ حاصل کرسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ تمام تعلیمی بورڈ ز نے میڑک اور انٹر امتحانات کے انعقاد کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اور میڑک امتحان اپریل کے آخر جبکہ انٹر امتحان مئی کے آخر میں منعقد ہونے کا امکان ہے تاہم حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایس ایل او سسٹم امتحان سے واقف کرانے سمیت بورڈز ماڈل پیپرز کی پریکٹس کرائیں۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں:سپیکر نے سپریم کورٹ کا فیصلہ ناقابل عمل قرار دے دیا