بنوں آپریشن میں سی ٹی ڈی کو پچاس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا

ویب ڈیسک :بنوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں انسداد دہشتگردی کمپائونڈ کو پچاس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا، کمپائونڈ میں کھڑی قیمتی لگژری گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، دفاتر مکمل طور پر تباہ، قیمتی ریکارڈ، کوت میں پڑا اسلحہ، فرنیچر، کمپیوٹرز، قیمتی ریکارڈ سے بھری الماریاں،سی سی ٹی وی کیمرے بھی ضائع ہو گئی ہیں کمپائونڈ میں موجود کو ئی بھی چیز استعمال کے قابل نہیں رہی، ذرائع نے بتایا کہ 18 دسمبر کو عسکریت پسندوں نے انسداد دہشتگردی بنوں ریجن کمپائونڈ میں حملہ کر کے نہ صرف عملے کو یر غمال بنایا بلکہ پورے کمپائونڈ کا محاصرہ کیا ، دوران یلغار بھی مبینہ عسکریت پسندوں کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیوزمیں بھی الماریوں میں پڑا دفتری ریکارڈ بکھرا ہوا نظر آ رہا تھا ، کمپائونڈپر تین روزتک قبضہ رہا ،منگل کے روز قبضہ چھڑوانے کیلئے سپیشل کمانڈوزکا آپریشن عمل میں لا یا گیا
آپریشن کے دوران بم پروف گاڑی جس کی قیمت 30 کروڑروپے سے زائد بتائی جاتی ہے مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے، کمپائونڈ میں کھڑی دیگر قیمتی بلٹ پروف گاڑیاں بھی نا قابل استعمال ہو گئی ہیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ کمپائونڈ میں کچھ بھی درست حالت میں نہیں بچا ۔کمپائونڈ اور اس کے اطراف میں ہو کا عالم ہے جبکہ احاطہ کو بھی تاحال سیل رکھا گیا ہے ،دستیاب رپورٹ کے مطابق اس وقت محکمہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا شدید مالی مشکلات سے دو چار ہے اُوپر سے بنوں کمپائونڈ پر حملے نے شدید متاثر کیا ہے مذکورہ مکان سی ٹی ڈی کمپائونڈ کیلئے کرایے پر لیا گیا تھا جوکہ چھ کمروں پر مشتمل تھا۔واضح رہے کہ سی ٹی ڈی کمپائونڈ میں آ پریشن کے دوران چھ سکیورٹی اہلکار شہید اور 21 زخمی ہو ئے ہیں جبکہ 24 عسکریت پسندوں کے مارے جانے اور دس تک گرفتاریاں عمل میں لا ئے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  190پاؤنڈ کیس : ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا گیا