پی ٹی آئی قومی اسمبلی جائیں

پی ٹی آئی ارکان 28دسمبرکواستعفوں کی تصدیق کیلئے قومی اسمبلی جائیں گے

ویب ڈیسک : استعفوں کی تصدیق کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی28دسمبر بروز بدھ قومی اسمبلی جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی28دسمبر کو خیبر پختونخوا ہائوس میں اکٹھے ہوں گے، عمران خان ارکان اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پارلیمنٹ جائیں گے، ارکان اسمبلی اسپیکر کے سامنے پیش ہو کر اپنے استعفوں کی تصدیق کریں گے۔ دوسری طرف پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی تصدیق سے متعلق قومی اسمبلی نے واضح پالیسی کا اعلان کیا ہے جس میں ترجمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر ممبر قومی اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرنا ہوگی۔
ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش ہو کر اپنی متعلقہ نشستوں سے استعفوں کی تصدیق کی ایک بار پھر بازگشت سنی جا رہی ہے جس پر قومی اسمبلی نے خط کا حوالہ دیتے ہوئے توجہ مبذول کروائی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ 22 دسمبر کو پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھیجے گئے خط کا جواب ارسال کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی کے اراکین کی ممکنہ واپسی کا خیر مقدم کیا خط کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا جائے گا اور ہر ممبر قومی اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرنا ہوگی۔استعفوں کی تصدیق کیلئے قومی اسمبلی کے طریق کار 2007 کے قواعد و ضوابط کے ذیلی قاعد 43 کے پیراگراف بی کے تحت بلایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں نگران دور کے 1800ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ