بیٹی فروخت کرنے پردیوروں کیخلاف عدالت جانیوالی ماں قتل

بیٹی فروخت کرنے پردیوروں کیخلاف عدالت جانیوالی ماں قتل

ویب ڈیسک :تھانہ رحمان بابا کے علاقہ رنگ روڈ پر کچہری جاتے ہوئے خاتون کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ بیٹا اور شیرخوار بیٹی بال بال بچ گئے۔ دیوروں نے خاتون کی بیٹی کو پنجاب میں فروخت کر دیا تھا جن کے خلاف مقدمہ کیلئے جارہی تھی تاہم اسے بے رحمی سے قتل کرکے ملزمان فرار ہوگئے۔ رحمان بابا پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے مدعی طفیل فہد ولد رحمان زادہ سکنہ عنایت خیل نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ مسماة کافیہ اور ہمشیرہ ہانیہ بعمر 23ماہ رکشہ میں کچہری جا رہے تھے اس دوران رنگ روڈ نزد بائیکو پٹرول پمپ پہنچے تو موٹر سائیکل پر چچا عبدالوہاب ولد صابر اور شہاب ولد شیر خان ساکنان احمد خیل آئے ۔ ملزم عبدالوہاب موٹر سائیکل چلا رہا تھا جبکہ شہاب اس کے پیچھے بیٹھا تھا۔
مدعی نے بتایا کہ شہاب نے ہمیں دیکھتے ہی اسلحہ سے فائرنگ کردی جس سے والدہ لگ کر موقع پر جاں بحق جبکہ وہ اور ہانیہ بال بال بچ گئے۔ مدعی نے بتایا کہ ملزمان چچا شہاب اور عبدالوہاب نے کچھ عرصہ قبل اس کی بہن رومیہ کو پنجاب میں فروخت کر دیاتھا اور والدہ دونوں کے خلاف مقدمہ کے لئے کچہری جا رہی تھی۔ پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں:سپیکر نے سپریم کورٹ کا فیصلہ ناقابل عمل قرار دے دیا