محکمہ صحت

محکمہ صحت کے جاری تخمینہ جات پر نظرثانی کا فیصلہ

ویب ڈیسک :صوبائی حکومت نے محکمہ صحت کیلئے جاری تخمینہ جات پر نظرثانی کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں تمام ہسپتالوں،ہیلتھ دفاتراور میڈیکل اینڈڈینٹل کالجز وغیرہ سے غیر ترقیاتی اخراجات کی تفصیلی رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کردی ہے اس مقصد کے تحت محکمہ خزانہ نے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق 2جنوری سے متعلقہ اداروں کی رپورٹس پر کارروائی شروع ہوگی اور13فروری تک اجلاس ہوں گے جس میں اخراجات سے متعلق پروفارماکاجائزہ لینے کے بعد نئے تخمینہ جات کا تعین کیا جائے گا
ذرائع نے بتایا کہ محکمہ خزانہ نے صحت کے شعبہ کے جاری مالی سال کے غیر ترقیاتی اخراجات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے یہ سلسلہ اگلے مہینے سے شروع ہوکر فروری کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گا ہسپتالوں، ہیلتھ دفاتر اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز، ڈرگ فارمیسی اور نرسنگ وغیرہ سے متعلق امور کے ذمہ داران کو بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق ایک پروفارما شیئر کیا گیا ہے جس میں خالی اسامیوں اور اس کے مالی اخراجات، دوران سروس فوت ہونیوالے ملازمین کو دئیے جانے والے معاوضہ جات، ایل پی آر اور تنخوا ہ کے ساتھ چھٹیوں کے اخراجات، گاڑیوں کی تفصیل اور اس کے اخراجات وغیرہ کے بارے میں تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ مالی بحران کے تناظر میں صحت کے شعبہ کے اخراجات پر نظر ثانی کی غرض سے کیا گیا ہے اس بنیاد پر اگلے مالی سال کے بجٹ میں اخراجات کا تعین کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  تیراہ میں جائیداد کے تنازعہ پرفائرنگ ،تین افراد جاں بحق