عدالتوں کے بائیکاٹ کے اعلان پر مختلف بارز کے اکائونٹس منجمد

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا بارکونسل نے رولز کے برخلاف ہڑتال کے اعلانات کرنے پر مختلف بارز کے اکائونٹس منجمد کردیئے جبکہ انہیں شوکازنوٹسز بھی جاری کردیئے ہیں ، دوسری جانب پشاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشنز نے اسے ایسوسی ایشنز کے معاملات میں مداخلت قراردیتے ہوئے متعددقراردادیں پاس کرلی ہیں ۔
اس ضمن میں پشاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر رحمان اللہ کے زیرصدارت اجلاس میں سیکرٹری جنرل فاروق آفریدی ایڈوکیٹ کے علاوہ صوبہ کے دیگر ہائیکورٹ بارایسوسی ایشنز کے صدور اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کے پی بار کونسل کی جانب سے جاری نوٹسزاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشن ڈیرہ اورڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ڈیرہ کے اکائونٹس منجمد کرنے کا معاملہ زیرغورلایا گیا ۔ اس موقع پر مختلف قرار دادیں پاس کی گئیں جس میں خیبر پختونخوا بار کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کو جاری کردہ نوٹس واپس لیاجائے اور ان بارز کے بینک اکاونٹس بھی کھولے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہڑتال کا حق بار ایسوسی ایشنز کااستحقاق ہوناچاہیے ۔ کے پی بار کونسل کو بار ایسوسی ایشنز کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔ خیبرپختونخوا بارکونسل ہڑتال کے اعلان سے پہلے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز کے تین صدور سے مشاورت کریںگے۔انہوں نے بار کونسل سے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز کے متفقہ قرار دادیں نافذکرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ بارکونسل نے گزشتہ سال رولز وضع کئے تھے جس کے تحت بارایسوسی ایشن سے ہڑتال کے اعلان کا اختیار لیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کی کابینہ سےمنظوری کاامکان