ہیلی کاپٹرزکیس میں عمران خان سے ریکوری کیلئے نیب کوخط

ویب ڈیسک :خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر افراد سے ریکوری کے لیے الیکشن کمیشن نے قومی احتساب بیورو(نیب)کو خط لکھ دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سرکاری ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پر عمران خان اور دیگر افراد سے ریکوری اور انہیں نادہندہ گان قرار دینے کے حوالے سے نیب کو خط لکھ دیا ہے۔ نیب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور دیگر غیر مجاز افراد کو متعلقہ فورم سے نادہندہ قرار دیا جائے اور نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے، قانون کے مطابق مزید کارروائی کے لیے نادہندگان کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھیجی جائے گی۔
نیب دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز میں 1800 غیر قانونی سفر کیے گئے، سیاست دانوں نے 588، سرکاری اہلکاروں نے 577 بار ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا، غیر مجاز افراد کے خلاف 19 کروڑ 83 لاکھ اور سیاست دانوں کے ذمے 9 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایاجات ہیں جبکہ سرکاری اہلکاروں پر 5 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم وارجب الادا ہے، دیگر افراد کے ذمے 5 کروڑ روپے سے زیادہ کے بقایاجات ہیں۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے یکم نومبر 2008 سے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کو قانونی قرار دیا تھا جس پر مسلم لیگ ن نے ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق قانون میں ترمیم پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور سمیت پانچ مخصوص اضلاع میں ڈینگی بچاؤسپرے کا آغاز