عمران خان کی گرفتاری

عمران خان کی گرفتاری کامرحلہ آنے کوہے،وزیرداخلہ

ویب ڈیسک :وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران خان کی گرفتاری کاعندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایف آئی اے کوشوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت دے دی ہے۔ رانا ثنااللہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پچھلے سات آٹھ ماہ سے باقاعدہ مہم جوئی اور کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو جائے ۔
اس مقصد کے لیے عمران خان نے شوکت ترین جیسے آدمی کو بھی بہکایا جو بظاہر شریف آدمی ہیں اور ان کے بہکاوے میں آ کر شوکت ترین نے بھی ایک ایسی حرکت کی کہ جس سے پاکستان کو نقصان ہو سکتا تھا، ان کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت مانگی ہے جو حکومت نے دے دی ہے اور انہیں اس بات کی سزا ملنی چاہیے تاکہ کسی کو بھی دوبارہ اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)نے وزارت داخلہ سے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے کو پٹڑی سے اتارنے میں مبینہ کردار سے متعلق کیس میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو گرفتار کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں سے بھی محفوظ رہے گا اور اس طرح کے سیاسی دہشت گردوں سے بھی محفوظ رہے گا کیونکہ اس نے سیاسی دہشت گرد کا روپ دھار لیا ہے، 25 مئی کو مسلح لوگوں کے ساتھ اسلام آباد پر قبضہ اور اس کا گھیرائو کرنے کے لیے آیا تھا لیکن ناکام ہواپھر26نومبر کو دوبارہ یہ عوامی سمندرلے کر وہاں آناچاہتا تھا جس میں عوام نے اسے بری طرح سے مسترد کیا۔ اب یہ فراڈ کر کے اپنی ٹانگ پر پٹی لگا کربیٹھا ہے حالانکہ اتنی دیر میں تو فریکچر ہو تو وہ ٹھیک ہو جاتا ہے لیکن اس کو چھرا لگا ہے وہ ٹھیک نہیں ہوا۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ شیخ رشید کی گرفتاری کے پیچھے اس کی بکواس ہے جو وہ بغیر سوچے سمجھے کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ کوئی سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ماضی میں دہشت گردوں سے مذاکرات کا تجربہ ناکام رہا ہے اس لیے آئندہ اس قسم کے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں چوری کی، ان کی اہلیہ محترمہ نے وہ ہیرے جواہرات کی انگوٹھیاں لیتی رہی ہیں جو ثابت ہے، فرح گوگی نے پنجاب لوٹ کھایا اور 12ارب روپے بینکنگ چینل کے ذریعے باہر منتقل کیے گئے، وہ سارے ثبوت موجود ہیں، ادارے تحقیقات کررہے ہیں اور عنقریب گرفتاری کا مرحلہ بھی آنے کو ہے اور عنقریب ثبوت عدالتوں میں جائیں گے جس کے بعد ان مقدمات میں فیصلے بھی آنے کو ہیں۔

مزید پڑھیں:  سوات، پولیس بھرتی ٹیسٹ میں 15 جعلی امیدوار دھر لئے گئے