خیبر پختونخوا میں اہم گرفتاریوں کاامکان

خیبر پختونخوا میں اہم گرفتاریوں کاامکان، نیب میں درخواستیں جمع

ویب ڈیسک :سابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کی ممکنہ گرفتاری کی خبریں سامنے آنے کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی پی ٹی آئی رہنمائوں کو بھی خدشات لاحق ہوگئے ہیں وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت تبدیل ہونے کے بعد پنجاب سے پی ٹی آئی کے بیشتر رہنمائوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں اکثریت دوبارہ چھوٹ بھی گئی ہے تاہم خیبر پختونخوا سے اعظم سواتی کے علاوہ کسی اور کی گرفتاری سامنے نہیں آئی ہے ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ چند روز میں ایک بڑی گرفتاری متوقع ہے
جس کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ گزشتہ برس اپریل میں عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹا دیا گیا تھا اور پی ڈی ایم کی حکومت آئی تھی جس کے بعد عمران خان سمیت تمام پی ٹی آئی رہنمائوں کیخلاف کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے اب تک پنجاب میں شہباز گل، فواد چوہدری اور شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر اعظم سواتی کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم اب سینیٹر شوکت ترین کے آئی ایم ایف کے معاملہ پر تیمور جھگڑا سے فون کال پر ہونیوالی گفتگوکی بنیاد پر گرفتار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے
جس کے باعث تیمور جھگڑا کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں اسی طرح صوبائی کابینہ میں شامل کئی دیگر رہنمائوں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے اور آئندہ چند روز میں ایک اہم رہنما کی گرفتاری عمل میں لائی جائیگی پی ٹی آئی رہنمائوں کیخلاف مختلف درخواستیں نیب اور اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ میں جمع ہوچکی ہیں جن پر ابتدائی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں ذرائع کے مطابق کئی سرکاری ملازمین کی گرفتاریوں کی تیاری کر لی گئی ہے اور انکی گرفتاری کے بعد انہیں وعدہ معاف گواہ بناتے ہوئے صوبائی وزراء کیخلاف کیس تیار کئے جائینگے۔

مزید پڑھیں:  حکومت کی ججز کی عمر کے تعین کیلئے بار کونسلز کو کمیٹی بنانے کی پیش کش