فواد چودھری

اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹرز غدار ہیں، فواد چودھری

رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹر غدار ہیں۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی کے بعد فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج غداری کے کیس میں پیشی تھی، ابھی تک پولیس کوئی چالان پیش نہ کرسکی، ہمیں بھی پتا لگے کہ ہم نے غداری کیا کی ہے، اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹر غدار ہیں۔
اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے اوورسیز پاکستانی ان سے کیوں نفرت کرتے ہیں، اس حکومت نے گرین پاسپورٹ کی عزت ختم کردی ہے، الیکشن کے لیے یہ لوگ تیار نہیں ہیں۔ موجودہ حکومت عمران خان کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں فواد چوہدری ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وقاص احمد راجا نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے سماعت کے آغاز پر استفسار کیا کہ کیا چالان جمع ہوگیا، جس پر عملے نے بتایا کہ تفتیشی افسر نے تاحال مقدمے کا چالان جمع نہیں کروایا۔ عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر کو بلا لیتے ہیں، 14 روز گزرنے کے باوجود چالان کیوں جمع نہیں کروایا ۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر سے پتا کرلیتے ہیں، پھر تاریخ دیں گے، عدالت نے فواد چوہدری کو جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت کی تاریخ تفتیشی افسر کے پیش ہونے پر دیں گے۔
بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کو دھمکی دینے کے کیس میں آئندہ سماعت کی تاریخ 18 مارچ مقرر کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک چالان پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

مزید پڑھیں:  فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے :ٹرمپ کی طلبہ کو ملک بدر کرنے کی دھمکی