گلبہار میں شہری قتل

گلبہار میں معمر شہری افغان کباڑیوں کے ہاتھوں بیدردی سے قتل

ویب ڈیسک : گلبہار میں پانی کا پائپ چوری کرنے سے منع کرنے پر افغان کباڑیوں نے شہری کو چاقو کے پے در پے وار کرکے قتل کر دیا جبکہ رحمن بابا کے علاقے موسم گڑھی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا۔ دونوں وارداتوں میں ملوث ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعات کے مطابق محمد سجاد ولد حاجی سکندر ساکن صافی آباد گلبہار نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز ان کی گلی میں دو افغان کباڑی بھائی جاوید اور حضرت حسین پسران اکبر ساکنان افغانستان حال شفتل بانڈہ پانی کا پائپ چرانے کیلئے کاٹ رہے تھے
جس پر میرے والد حاجی سکندر خان ولد لباس خان نے انہیں پائپ کاٹنے سے منع کیا تو وہ آپے سے باہر ہو گئے اور میرے والد پر چاقو سے حملہ کر دیا جس سے وہ جاں بحق ہوگئے۔ ادھر محمد رفیق ولد محمد شفیق ساکن قصہ خوانی نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے دوستوں رئیس ساکن چمکنی اور دیگر کے ساتھ ملک مظہر کے حجرہ میں بیٹھا تھا، اس دوران رئیس کو ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس پر باتیں کرتے وہ حجرے سے باہر نکل گیا۔ اس دوران فائرنگ کی آواز سن کر ہم حجرے سے باہر آئے تو رئیس خون میں لت پت زمین پر پڑا ہوا تھا جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی رپورٹیں درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید پڑھیں:  ہسپتالوں نے ادویات خریداری کےلئے مستقل بجٹ مانگ لیا