پرویز الہیٰ تحریک انصاف میں شمولیت

پرویز الہیٰ کا ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق زمان پارک لاہور میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز الٰہی نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
پرویز الٰہی کی فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے بتایا کہ طویل بحث کے بعد آج پرویز الٰہی اور دیگر رہنما ق لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں اور آج کے بعد وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگا، پرویز الٰہی نے عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی کا صدر بنانا ہے اور سینیئر قیادت نے اس کی منظوری دی ہے، ہمارے آئین کے مطابق اس پر آگے چلیں گے۔
اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ ہم ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ساتھیوں کو مضبوط کریں گے، عمران خان نے مرکزی صدر بنانے کا کہہ دیا ہے، عمران خان کی خواہش پر کام کروں گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت نے پرویزالٰہی کوپارٹی عہدے سے برخاست کردیا تھا۔
پارٹی اعلامیے کے مطابق پرویزالٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کی گئی اور انہیں آئندہ پارٹی کا نام استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی فوج پر حزب اللہ کا راکٹ حملہ، 1 فوجی ہلاک ، 5 شدید زخمی