پی ٹی آئی رہنمائوں کی ضمانت

جیل جانے والے پی ٹی آئی رہنمائوں کی ضمانت کیلئے درخواست دائر

ویب ڈیسک: جیل بھرو تحریک میں تحریک انصاف کے گرفتار رہنمائوں کے اہل خانہ نے رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اعجاز چوہدری، اسد عمر ،ولید اقبال سمیت دیگر کے اہل خانہ نے رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور بیٹی نے اپنے والد کی رہائی کے لیے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے ۔
تحریک انصاف کے رہنمائوں کو بدھ کو لاہور سے پولیس نے حراست میں لیا اور ہمیں نہیں بتایا جا رہا کہ ہمارے رہنما کہاں ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ تحریک انصاف کے رہنمائوں کو حبس بے جا سے بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کے اہل خانہ کی جانب سے رہائی کے لیے دی گئی درخواستوں پر سماعت آج جمعہ کے روز ہوگی۔
جیل بھرو تحریک کے دوران گرفتاری دینے والے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل جبکہ اسد عمر سمیت 25 کارکنوں کو راجن پور کی جیل میں پہنچا دیا گیا ۔پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر مراد راس کو ڈیرہ غازی خان جیل منتقل کر دیا گیا ہے، سینیٹر ولید اقبال کو لیہ اور سینیٹر اعظم سواتی کو رحیم یار خان کی جیل، محمد خان مدنی کو بہاولپور کی جیل پہنچا دیا گیا۔
سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، فواد بھلر سمیت تحریک انصاف کے 24 کارکنوں کو بھکر کی ڈسٹرکٹ جیل میں منتقل کر دیا گیا، دریںاثنا پنجاب حکومت نے شاہ محمود قریشی کو ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے جیل بھیج دیا۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کی شق 1 کے تحت 30 دن کی نظر بندی کے احکامات کے تحت گرفتار کر کے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  190پاؤنڈ کیس : ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا گیا